واٹر کارپوریشن نے چہلم امام حسینؓ کے لیے خصوصی پلان جاری کردیا
تمام ضروری مشینری فعال ، اضافی عملہ تعینات اور ہنگامی رسپانس ٹیموں کو تیار رکھنے کے احکامات
کراچی (این این آئی)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر عزاداران کو بلا تعطل پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہنگامی پلان جاری کر دیا۔ سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر تمام متعلقہ افسران، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور فیلڈ عملے کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق تمام ضلعی سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، منتخب عوامی نمائندوں، شیعہ علما کرام، جعفریہ الائنس اور دیگر مذہبی تنظیموں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے انتظامات مکمل کریں۔
مساجد، امام بارگاہوں، مجالس، سبیلوں اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کی فراہمی، سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہولز کی مرمت اور ڈھکنوں کی تنصیب بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ۔ سی ای او نے ہدایت کی ہے کہ پانی یا سیوریج سے متعلق کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے ۔ اس مقصد کے لیے جیٹنگ اور سکشن مشینوں سمیت تمام ضروری مشینری فعال رکھنے ، اضافی عملہ تعینات کرنے اور ہنگامی رسپانس ٹیموں کو ہر وقت تیار رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments