اراضی تنازع،واٹرکارپوریشن کی حکم امتناع جاری کرنے کی زبانی استدعا مسترد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ضلع ٹھٹھہ میں 119 ایکڑ اراضی کی ملکیت سے متعلق تنازع میں واٹر کارپوریشن کراچی کی کارروائی روکنے کے لیے حکم امتناع جاری کرنے کی زبانی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور 27 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار موسیٰ کاظمی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ واٹر کارپوریشن کراچی نے ان کی 119 ایکڑ ذاتی اراضی پر ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے، جبکہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ درخواست گزار نے واٹر کارپوریشن کی اراضی پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی علاقے کے دیگر مکینوں کو بھی اسی نوعیت کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور خدشہ ہے کہ حکام کسی بھی وقت درخواست گزار کو اراضی سے بے دخل کرنے اور وہاں موجود تعمیرات مسمار کرنے کی کارروائی کر سکتے ہیں، لہٰذا عدالت فوری طور پر حکم امتناع جاری کرے۔ عدالت نے زبانی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ فی الحال فریقین کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، باقاعدہ سماعت کے دوران تمام دلائل سنے جائیں گے، جس کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments