میرپور خاص:مسلسل 4 گھنٹے بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے

میرپور خاص:مسلسل 4 گھنٹے بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے

مارکیٹ چوک، اسٹیشن روڈ، عمرکوٹ روڈ ودیگر میں پانی جمع، نکاسی کا عمل شروع

میرپور خاص (بیورو رپورٹ )میرپور خاص میں چار گھنٹے تک مسلسل ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ، تاہم بارش تھمنے کے فوراً بعد میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری اور میونسپل کارپوریشن کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں شہر کی اہم شاہراہیں اور مرکزی بازار چند گھنٹوں میں کلیئر کرکے ٹریفک بحال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے شروع ہونے والی بارش نے پوسٹ آفس چوک، مارکیٹ چوک، اسٹیشن روڈ، عمرکوٹ روڈ اور دیگر اہم علاقوں کو زیرآب کر دیا، جبکہ متعدد نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کا سلسلہ کم ہوتے ہی میئر عبدالرؤف غوری نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ہمراہ نکاسی آب کے کام کی نگرانی کی، جبکہ پمپنگ اسٹیشنز کو رات بھر فعال رکھا گیا مسلسل کوششوں کے باعث ایم اے جناح روڈ، پوسٹ آفس چوک، مارکیٹ چوک، اسٹیشن روڈ اور دیگر مرکزی شاہراہوں سے بارش کا پانی نکال کر آمدورفت بحال کر دی گئی، شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے میئر عبدالرؤف غوری کی بروقت کارروائی اور ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بارش کا پانی کئی کئی روز تک سڑکوں پر کھڑا رہتا تھا، تاہم اس بار میونسپل انتظامیہ نے مؤثر حکمت عملی کے تحت چند گھنٹوں میں شہر کو بارش کے پانی سے بڑی حد تک صاف کر دیا، جس سے شہریوں کو فوری ریلیف ملا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...