اسمگلنگ کی کوشش ناکام،مسافر سے55لاکھ روپے مالیت کی الیکٹرانک اشیاء برآمد
ایکس رے اسکیننگ مشین میں سامان اور شولڈر بیگ میں مہنگی اشیاء کی نشاندہی ،تلاشی کے دوران مسافر کے قبضے سے 29کیمرے ضبط،کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر پاکستان کسٹمز نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ دبئی سے آنے والے مسافر سے 55 لاکھ روپے مالیت کی مہنگی الیکٹرانک اشیاء برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔کسٹمز حکام کے مطابق دبئی سے آنے والی پرواز FZ-335 کے مسافروں کی کلیئرنس جاری تھی۔ اس دوران گرین چینل پر تعینات افسر نے پروفائلنگ کی بنیاد پر ایک مسافر کو مشکوک جان کر سامان کی اسکیننگ کے لیے ریڈ چینل کی طرف بھیج دیا۔ایکس رے اسکیننگ مشین کے آپریٹر نے مسافر کے سامان اور کندھے پر لٹکے شولڈر بیگ میں مہنگی الیکٹرانک اشیاء کی موجودگی کی نشاندہی کی جس پر تفصیلی تلاشی لی گئی۔تلاشی کے دوران مسافر کے قبضے سے 29 عدد کیمرے برآمد ہوئے جن میں سونی کے 6 ڈی ایس ایل آر، نیکن کا ایک ڈی ایس ایل آر، کینن کے 3 ڈی ایس ایل آر اور 19 ڈیجیٹل کیمرے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 10 فٹ بینڈز، 5 کیمرہ لینز اور دیگر متفرق الیکٹرانک اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔کسٹمز حکام نے بتایا کہ برآمد شدہ سامان کی کل مالیت 5.5 ملین روپے بنتی ہے ۔ تمام سامان کو کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں کراچی ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے مسافر سے 10 پلاٹینم بارز، آئی فونز اور قیمتی الیکٹرانکس برآمدہوئیں۔ جبکہ دبئی سے آنے والی خاتون کے ہینڈ پرس سے 229 قراط لیبارٹری گرون ہیرے برآمدہوئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments