بلدیہ عظمیٰ میں بےضابطگیاں : 2 ڈائریکٹر ملازمت سے برطرف، ایک کی ترقی روک لی گئی

بلدیہ عظمیٰ میں بےضابطگیاں : 2 ڈائریکٹر ملازمت سے برطرف، ایک کی ترقی روک لی گئی

موجودہ انتظامیہ کے دور میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال یا غیر قانونی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں،کارروائی شہریوں کی شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی،میئر

کراچی (این این آئی)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ لینڈ میں مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ، میوٹیشن اور دیگر بے ضابطگیوں کے ذمہ دار قرار دیے جانے والے افسران کے خلاف فیصلہ کن محکمانہ کارروائی کی منظوری دے دی ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ موجودہ انتظامیہ کے دور میں بلدیاتی ادارے میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال یا غیر قانونی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔یہ کارروائی شہریوں اور دیگر افراد کی جانب سے زمین کی الاٹمنٹ، میوٹیشن اور متعلقہ معاملات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی۔ شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے میئر نے الزامات کی تفصیلی تحقیقات اور قانون و محکمانہ قواعد کے مطابق ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

انکوائری کے عمل اور مجاز حکام کی جانب سے کی جانے والی محکمانہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد کے ایم سی نے ذمہ دار قرار دیے گئے افسران کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر حافظ مغیرہ قادری اور ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان احمد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم الحق کی ترقی بھی انکوائری کے نتائج اور بعد ازاں ہونے والی محکمانہ کارروائی کی روشنی میں واپس لے لی گئی ہے ۔کے ایم سی ہیڈ آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ یہ کارروائی ادارے میں نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے اور اس امر کو یقینی بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے کہ سرکاری عہدوں کو ذاتی مفاد یا غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔کوئی بھی فرد قانون سے بالاتر نہیں اور کسی افسر کو کراچی کے عوام کی جانب سے سونپے گئے اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...