غیر قانونی بل بورڈز کیس،8ستمبر تک حتمی دلائل طلب

غیر قانونی بل بورڈز کیس،8ستمبر تک حتمی دلائل طلب

کے ایم سی کے بنائے گئے رولز سپریم کورٹ احکامات کے مطابق نہیں،وکیل اسکیم 33میں خلاف ضابطہ پٹرول پمپ کی تعمیر، ہائیکورٹ کے فریقین کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں غیر قانونی بل بورڈز، سائن بورڈز اور ڈیجیٹل اسکرینز کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کے وکلا سے 8 ستمبر تک حتمی دلائل طلب کرلیے ۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پبلک پراپرٹیز پر سائن بورڈز اور ایل ای ڈی نہیں لگائی جاسکتیں۔ کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے کے ایم سی کو رولز بنانے کی ہدایت کی تھی جو بنا دیے گئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کے ایم سی کی جانب سے بنائے گئے رولز سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق نہیں ۔

ایڈورٹائزرز کمپنیز کے وکیل زین سومرو نے عدالت سے کیس کا جلد فیصلہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اس کاروبار سے منسلک افراد دوہری اذیت کا شکار ہیں۔ ایک طرف حکومت سائن بورڈز لگانے پر ہمارے خلاف مقدمات درج کر رہی ہے ،جبکہ دوسری طرف درخواست گزار ہمیں بلیک میل کرکے پیسے مانگ رہے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے وکلا سے 8 ستمبر تک حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے اسکیم 33 میں مبینہ طور پر خلاف ضابطہ نئے پٹرول پمپ کی تعمیر کی اجازت دینے کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اوگرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے ۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق پٹرول پمپس کے درمیان فاصلہ 10 کلو میٹر سے کم نہیں ہونا چاہیے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...