ایڈووکیٹ شکیل کی ٹارگٹ کلنگ پرکراچی بار کی ہڑتال
قاتلوں اور سرپرستوں کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے ، آئی جی کو خط وکلا کی سکیورٹی کیلئے مؤثر اقدامات کا بھی مطالبہ،ملیر بار کا آج ہڑتال کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی بار ایسوسی ایشن نے ایڈووکیٹ شکیل مجید شیخ کے مبینہ ٹارگٹ کلنگ پر سٹی کورٹ میں ہڑتال، آئی جی سندھ کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ملیر بار ایسوسی ایشن نے جمعرات 20 اگست کو ملیر کورٹ میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے شکیل مجید شیخ ایڈووکیٹ کے قتل پر پورا دن عدالتی کام معطل کئے گئے ۔ بار ایسوسی ایشن نے حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات، ملزمان اور حملے کے پس پردہ عناصر کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن نے واقعے کو قانونی برادری کے لیے انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وکیل کا اس طرح قتل شہر میں قانون کی حکمرانی اور وکلا کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے وکلا کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ آئی جی سندھ کو لکھ گئے خط میں کراچی بار نے مطالبہ کیا کہ شکیل مجید شیخ کے قاتلوں اور سرپرستوں کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے اور معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ دوسری جانب ملیر بار ایسوسی ایشن نے بھی شکیل مجید شیخ ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف 20 اگست کو ملیر کی عدالتوں میں مکمل ہڑتال اور عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments