اقوام متحدہ کے وفد کا سینٹ پیٹرک چرچ کا دورہ
اقلیتوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی ودیگرامور پر تبادلہ خیال محمد یحییٰ کارواداری اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں اقوام متحدہ کے وفد نے تاریخی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کا خصوصی دورہ کیا۔ وفد میں افکے بوٹس مین، ہیڈ آف یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس پاکستان، اور عمران خان لغاری، صوبائی کوآرڈینیٹر یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس سندھ بھی شامل تھے ۔چرچ انتظامیہ کی خصوصی دعوت پر رومہ مشتاق مٹو، ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور نے بھی اس موقع پر شرکت کی اور اقوام متحدہ کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ملاقات کے دوران چرچ کے معزز فادرز نے معزز مہمانوں کو سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کی تاریخی و مذہبی اہمیت، مسیحی برادری کے لیے اس کی خدمات اور مختلف فلاحی و سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔رومہ مشتاق مٹو نے اقوام متحدہ کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کاوشیں نہایت اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کو فروغ دے کر معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے ۔محمد یحییٰ نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، سماجی شمولیت اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments