ڈپٹی کمشنر ملیر اور پولیس کومونو ٹیکنیکل کالج رزاق آباد پرقبضے کی انکوائری کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے مونو ٹیکنیکل کالج رزاق آباد پر پولیس کے مبینہ قبضے کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر ملیر اور پولیس حکام کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ 18 ستمبر تک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں رزاق آباد ویلفیئر سوسائٹی کے سیکریٹری حاجی گبول کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل احمد علی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مونو ٹیکنیکل کالج رزاق آباد کی عمارت کا ایک حصہ ایس ایس یو کے زیر تربیت اہلکار استعمال کر رہے ہیں۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق کالج کے اندر زیر تربیت پولیس اہلکاروں کی رہائش کا بھی انتظام کیا گیا ہے ، جبکہ کالج میں اس وقت بھی 250 طلبا زیر تعلیم ہیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس کی جانب سے کالج کی عمارت استعمال کیے جانے کے باعث طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں اور عمارت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ عدالت نے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ملیر اور متعلقہ پولیس حکام کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ 18 ستمبر تک عدالت میں پیش کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments