فلم گھوسٹ اسکول، سینسر بورڈ کو دو ہفتوں میں فیصلے کا حکم
فلم میں کوئی جن ہے جو اجازت نہیں دی جارہی؟ وجوہات نہیں چھپا سکتے ، ریمارکسکچھ نہیں بتا سکتا،جواب جمع کرانے کی مہلت دی جائے ،سیکریٹری سندھ سینسر بورڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے فلم گھوسٹ اسکول کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ دینے کے معاملے پر سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کو نظرثانی کی درخواست پر فریقین کو سن کر دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ آئینی بینچ میں سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سیکریٹری سندھ سینسر بورڈ عدالت میں پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل معیز بیگ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم کی ریلیز کیلئے وفاق کی جانب سے اجازت دی جاچکی ہے ۔کراچی کے کنٹونمنٹ علاقوں میں فلم چل سکتی ہے تاہم سندھ حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں نمائش کی اجازت نہیں دی جارہی۔ وکیل کے مطابق فلم میں گھوسٹ اسکولز کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے ۔سماعت کے دوران عدالت نے سیکریٹری سندھ سینسر بورڈ سے استفسار کیا کہ کیا فلم میں کوئی جن ہیں جو اجازت نہیں دی جارہی؟ سیکریٹری سندھ سینسر بورڈ نے جواب دیا کہ وہ عدالت میں اس حوالے سے کچھ نہیں بتا سکتے کیونکہ فلم کو سینسر کرنے کا فیصلہ بورڈ کا ہے اور جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے ۔جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ آپ چیزیں چھپا نہیں سکتے ، عدالت کو سب بتانا پڑے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ وجوہات چھپائیں گے تو ہم درخواست منظور کرلیتے ہیں۔ سیکریٹری سندھ سینسر بورڈ نے کہا کہ وہ کوئی چیز نہیں چھپا رہے ، صرف جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments