سکھر:میرانی محلے میں ڈرینج پمپنگ اسٹیشن کی بجلی 3ماہ سے بند
گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل، علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئےانتظامیہ کیخلاف نعرے ، شکایات کے باوجود حل نہیں نکالا جارہا، مظاہرین
سکھر(بیورو رپورٹ)یوسی 6 جئے شاہ ٹاؤن، نمائش گراؤنڈ اور پرانا سکھر کے میرانی محلے میں ڈرینج پمپنگ اسٹیشنز کی گزشتہ تین ماہ سے بجلی منقطع ہونے کے باعث نکاسی آب کا نظام مکمل مفلوج ہوگیا، موٹریں بند ہونے سے گندا پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا جس پر علاقہ مکینوں نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔احتجاج میں شریک نیک محمد، نور محمد، غلام فرید سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن کی غفلت کے باعث میرانی محلے کا ڈرینج پمپنگ اسٹیشن ناکارہ ہوچکا ہے اور 3 ماہ سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پورا علاقہ گندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بارہا شکایات کے باوجود منتخب نمائندوں، ڈپٹی کمشنر سکھر، میئر سکھر، یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین نے علاقے کا دورہ کرکے مسئلے کا جائزہ تک نہیں لیا، پمپنگ اسٹیشنز کیلئے آنے والا ڈیزل اور تیل مبینہ طور پر مقامی افسران ہڑپ کرجاتے ہیں، جبکہ نکاسی کیلئے رکھا گیا بیکو بھی اکثر بند رہتا ہے اور ملازمین ڈیوٹی انجام دینے کیلئے تیار نہیں۔ایک سال قبل بھی وہ اس مسئلے پر عدالت جاچکے ، جہاں انکے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے میرانی محلے کی ڈرینج موٹریں نصب اور نکاسی کا مناسب انتظام کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے ، تاہم انتظامیہ نے چند روز کیلئے موٹریں نصب کرنے کے بعد دوبارہ ہٹا لیں، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بحال، موٹریں فعال اور گندے پانی کی نکاسی کا مؤثر انتظام کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments