انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزکے توسیعی منصوبے کا افتتاح
مختلف علاقوں میں سیٹلائٹ ڈائیلاسز مراکز قائم کیے جائیں، مرتضیٰ وہابعوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رہے گی،میئر
کراچی(این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کی انتظامیہ،ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ گردوں کے مریضوں کو علاج اور ڈائیلاسز کی سہولت ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف گنجان علاقوں میں سیٹلائٹ ڈائیلاسز مراکز قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تین سے چار گنجان علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں پہلے مرحلے میں سیٹلائٹ ڈائیلاسز مراکز قائم کیے جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ بنارس کے علاقے میں پل کے نیچے سیٹلائٹ مرکز قائم کرنے کی تجویز پر بھی کام کیا جائے ، جبکہ لانڈھی اور ملیر کی جانب بھی مناسب مقامات کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔ مئیر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں بھی اگر سیٹلائٹ ڈائیلاسز مرکز قائم کرنے کے لیے جگہ درکار ہو تو باقاعدہ تجویز پیش کی جائے ، کے ایم سی ہر ممکن تعاون اور جگہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی مقام پر تمام سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مختلف علاقوں میں مراکز قائم کرنے سے مریضوں کے لیے علاج تک رسائی آسان ہوگی اور شہریوں کو طویل سفر کی مشکلات سے نجات ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے ایم سی اس فلاحی کام میں شراکت دار ہے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments