ہندو کمیونٹی نے جنم اشٹمی مذہبی جوش و جذبے سے منائی

 ہندو کمیونٹی نے جنم اشٹمی مذہبی جوش و جذبے سے منائی

پنچ مکھی ہنومان مندر کو خوبصورتی سے سجایا گیاتھا، خصوصی پوجا پاٹ ملکی سلامتی ،امن اور خوشحالی کیلئے دعائیں، بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے

کراچی(این این آئی)دنیا بھر کی طرح شہر قائد میں بھی ہندو برادری نے شری کرشن بھگوان کا جنم اشٹمی کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر پنچ مکھی ہنومان مندر کو خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین، نوجوان اور بچے مذہبی تقریبات میں شریک ہوئے ۔جنم اشٹمی کے سلسلے میں پنچ مکھی ہنومان مندر میں خصوصی مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مندر میں آنے والے ہندو برادری کے افراد نے پوجا پاٹ میں حصہ لیا اور ملک کی سلامتی، امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر پنچ مکھی ہنومان مندر کے گدی نشین شری گرو رام ناتھ مشرا مہاراج نے کہا کہ آج شری کرشن بھگوان کا جنم دن ہے جو پوری دنیا میں مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں بھی ہندو برادری اس دن کو بھرپور انداز میں منا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنم اشٹمی کی رات ہندو برادری کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے اور لوگ اپنے بھگوان کے جنم دن کی خوشیاں مختلف انداز میں منا رہے ہیں۔پنڈت مکیش کمار نے کہا کہ شری کرشن بھگوان کا جنم دن خوشیوں کا موقع ہے ، اس دن مختلف مذہبی رسومات ادا کی جاتی ہیں۔بچوں نے شری کرشن بھگوان کا روپ دھار کر مختلف ٹیبلوز بھی پیش کیے ۔تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شرکا کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...