ترقیاتی منصوبوں تک عوام کو آن لائن رسائی دینے کا اعلان
منصوبوں کی لاگت، بجٹ اور اخراجات کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ڈیجیٹل ادائیگی نظام سے انسانی مداخلت کم ہوگی،مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس
کراچی(این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو شہر کے انتظامی معاملات، ترقیاتی منصوبوں، سرکاری اثاثوں، اراضی ریکارڈ اور مالی امور سے متعلق معلومات تک براہ راست اور آسان رسائی حاصل ہونی چاہیے ، شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بلدیاتی نظام کو مزید جوابدہ بنایا جارہا ہے ۔ شہر میں کیا ہورہا ہے اور عوام کے پیسے کہاں خرچ ہورہے ہیں، اس کی مکمل معلومات آن لائن دستیاب ہونی چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئر نے مزید کہا کہ ماضی میں جو معلومات محدود حلقوں تک رہتی تھیں، اب انہیں ویب سائٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عام کیا جارہا ہے تاکہ کراچی کے شہری ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود لوگ بھی شہر کے انتظامی اور ترقیاتی معاملات سے باخبر رہ سکیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ویب سائٹ پر شفافیت اور معلومات تک رسائی کے لیے مختلف نئے شعبے متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں کے ایم سی کے اثاثوں اور جائیدادوں کی تفصیلات، ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ، کراچی کا ترقیاتی نقشہ، اراضی ریکارڈ مینجمنٹ نظام اور دیگر اہم معلومات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی ویب سائٹ پر 733 ترقیاتی منصوبوں کی مکمل معلومات فراہم کردی گئی ہیں ۔ ہر منصوبے کی لاگت، مختص بجٹ اور اب تک ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی آن لائن دستیاب ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments