اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں پنشن سہولت ڈیسک بنانے کی ہدایت

اکائونٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر میں پنشن سہولت ڈیسک بنانے کی ہدایت

ایک ماہ میں محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد اور زیر التوا آڈٹ پیراز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے ،چیف سیکریٹری سندھ جاب پورٹل کے ذریعے بھرتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے ، اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، فائر سیفٹی آڈٹ کا تفصیلی جائزہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ حکومت کے تمام انتظامی محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، فائر سیفٹی آڈٹ، پنشن کیسز، محکمانہ ترقیوں، تادیبی کارروائیوں، آڈٹ معاملات، عدالتی مقدمات، سندھ جاب پورٹل کے ذریعے بھرتیوں اور ڈیجیٹل گورننس اصلاحات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے جائیں اور زیر التوا آڈٹ پیراز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور ڈی اے سی سے متعلق معاملات کی بروقت تکمیل مالی نظم و ضبط، شفافیت اور ادارہ جاتی جوابدہی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام انتظامی سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ آڈٹ اعتراضات کے تصفیے کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے ۔ اجلاس کو محکمانہ پروموشن کمیٹیوں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ میں 58 ڈی پی سی اجلاس منعقد ہوئے ، جن کے ذریعے 3 ہزار 306 افسران اور 4 ہزار 558 ملازمین کو ترقی دی گئی۔ اسی طرح سروسز ونگ میں 51 ڈی پی سی اجلاسوں کے ذریعے ایک ہزار 987 افسران اور 139 ملازمین کو ترقی دی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ پروموشن کیسز قواعد و ضوابط کے مطابق جلد نمٹائے جائیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ بھر میں فائر سیفٹی آڈٹ کے لیے 3 ہزار 427 عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے ، جبکہ دوسرے مرحلے میں 947 عمارتوں کا دوبارہ معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے ۔ پنشن کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے آصف حیدر شاہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ریٹائرڈ ملازمین کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے کے لیے پنشن کیسز کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے تمام صوبائی محکموں، اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے دفتر اور ضلعی ٹریژری دفاتر میں پنشن فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سندھ جاب پورٹل کے ذریعے متعلقہ محکموں کو باقی ماندہ بھرتی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...