ریڈ لائن منصوبے کی تاخیر ناقص حکمرانی کا ثبوت ، الطاف شکور
شہری، طلبہ اور تاجر شدید مشکلات سے دوچار،ذمہ داروں کا تعین کیا جائے
کراچی (این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل میں مسلسل تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی، اداروں کے درمیان عدم رابطے اور جوابدہی کے فقدان کا خمیازہ کراچی کے شہری بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی مسلسل تاخیر کراچی میں ناقص حکمرانی کا ثبوت ہے ۔پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے الطاف شکور نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کی ابتدائی لاگت تقریباً 79 ارب روپے تھی جو بڑھ کر تقریباً 103 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ منصوبے کی تکمیل کی تاریخ بھی متعدد بار آگے بڑھائی گئی اور اب جون 2027ء کا ہدف سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر طویل عرصے سے جاری تعمیراتی کام کے باعث شہریوں، طلبہ، تاجروں اور روزانہ سفر کرنے والوں کو ٹریفک جام، گردوغبار، گڑھوں اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ یہ معاملہ محض تعمیراتی تاخیر نہیں بلکہ حکمرانی اور جوابدہی کا مسئلہ بھی ہے ، حکومت واضح کرے کہ منصوبے کی لاگت میں اضافہ کیوں ہوا، تاخیر کی اصل وجوہات کیا ہیں اور مزید تاخیر کی صورت میں ذمہ دار کون ہوگا۔الطاف شکور نے کہا کہ کراچی کو اعلانات نہیں بلکہ بروقت مکمل ہونے والے منصوبوں کی ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments