میپکو لائن سٹاف کو ابتدائی طبی امداد اور سی پی آر کی تربیت
ریسکیو ماہرین نے ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد کے عملی طریقے سکھائے
ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو میں سیفٹی کلچر کے فروغ اور لائن سٹاف کو ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے قابل بنانے کیلئے سرکل ٹریننگ سنٹر بہاولپور میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے تعاون سے ایک روزہ بیسک لائف سپورٹ اور ابتدائی طبی امداد کی خصوصی تربیت کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی پروگرام میں ٹی 300 پروموشن کلاس برائے لائن سٹاف کے شرکا نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور ریسکیو ماہرین سے مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کے عملی طریقے سیکھے ۔ تربیتی سیشن کے دوران ماہرین نے حادثے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کی اہمیت، مریض کی زندگی کی علامات جانچنے ، دل کی دھڑکن اور سانس بحال کرنے کیلئے سی پی آر کے بنیادی اصولوں اور فوری اقدامات سے آگاہ کیا۔
ریسکیو ٹیم نے لائن سٹاف کو خون بہنے سے روکنے ، زخموں کی ابتدائی دیکھ بھال، جلنے کی صورت میں فوری طبی امداد، ہڈی ٹوٹنے یا فریکچر کی صورت میں متاثرہ حصے کو محفوظ رکھنے ، فائر فائٹنگ اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار کی تربیت دی۔ کتے کے کاٹنے اور سانپ کے ڈسنے کی صورت میں حفاظتی و طبی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ایکسین سیفٹی و سرکل ٹریننگ سنٹر بہاولپور عامر انصاری نے ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین اور ٹیم ارکان عاطف و عثمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی کلچر کو مضبوط بنانے کیلئے تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments