حرمین شریفین پر حملہ امت مسلمہ پر حملہ ،اجمل خان چانڈیہ
مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے مسلم ممالک اتحاد اور مؤثر کردار ادا کریں، مقررین
مونڈکا (نامہ نگار)پاکستان مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے صدر سردار اجمل خان چانڈیہ نے کہا ہے کہ حرمین شریفین پر حملہ پوری امت مسلمہ پر حملے کے مترادف ہے ، دشمن قوتیں کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔ وہ گزشتہ روز جھنگ موڑ مظفرگڑھ میں حرمین شریفین کے تقدس اور تحفظ کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے ۔اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ بیت اللہ شریف اور مسجد نبوی ؐ ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا مرکز ہیں، مقدس مقامات کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ حرمین شریفین کو نشانہ بنانے یا ان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا باعث بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ حرمین شریفین کے تحفظ کے معاملے پر متحد ہے اور مسلم ممالک کو مقدس مقامات کی سلامتی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کا تحفظ اہم معاملہ ہے ، جس کے لیے مسلم ممالک کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔سردار اجمل خان چانڈیہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات کی حرمت ہر مسلمان کے دل میں موجود ہے اور اس حوالے سے پوری امت کے جذبات یکساں ہیں۔احتجاجی دھرنے کے شرکاء نے حرمین شریفین کے تحفظ اور مقدس مقامات کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علما کرام نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments