بلاول بھٹو روشن مستقبل کی علامت ہیں، سلمان عبداللہ مراد
پیپلز پارٹی جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کی روایت آگے بڑھا رہی ہےپی پی چیئرمین کی سالگرہ کی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی نے کیک بھی کاٹا
کراچی (این این آئی) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 38ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان نسل کی امید اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں، وہ جمہوریت، عوامی حقوق اور ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کمیٹی روم میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، صدر پیپلز لیبر بیورو کراچی و لیبر ممبر بلدیہ عظمیٰ کراچی اسلم سموں، پیپلز لیبر یونٹی کے صدر کیپٹن شبیر جدون، جنرل سیکریٹری شاہد قادری سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان موجود تھے۔
سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی وڑن اور عوامی خدمت کی روایت کے امین ہیں۔ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی نوجوانوں، محنت کشوں اور عام شہریوں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد کی ہے ، جبکہ بلاول بھٹو زرداری ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔ڈپٹی میئر نے بلاول بھٹو زرداری کی صحت، سلامتی اور درازی عمر کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عوام اپنے چیئرمین کی سالگرہ کی خوشی میں شریک ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments