باندھی:مہران ہائی وے پرہیوی ٹریفک، ایک ماہ میں 14اموات
ہائیکورٹ کی پابندی کے باوجود ٹرالر، کوچز ودیگر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت جاریپولیس روکنے میں ناکام، زیرِتعمیر سڑک مزید خطرناک، ٹریفک جام معمول بن گیا
باندھی(نامہ نگار)مہران ہائی وے پر ہیوی ٹریفک کی آمدورفت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، ایک ماہ کے دوران مختلف حادثات میں 14 انسانی جانیں ضائع ہونے کے باوجود متعلقہ ادارے حرکت میں نہ آسکے ، سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ کی جانب سے ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کیے جانے کے باوجود ٹرالر، کوچز اور دیگر بڑی گاڑیوں کا مہران ہائی وے پر سفر جاری ہے ، جبکہ پولیس ہیوی ٹریفک کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ عوامی احتجاج، مظاہروں اور متاثرہ خاندانوں کی جانب سے بارہا آواز اٹھائے جانے کے باوجود مہران ہائی وے پر ہیوی ٹریفک کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق بڑی گاڑیوں کے پاس نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے کے روٹ پرمٹ ہوتے ہیں۔
تاہم الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ بعض ہیوی گاڑیوں کو مبینہ رشوت کے عوض مہران ہائی وے استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے ، جس کے باعث عدالتی پابندی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ایک بڑا سوال بن گیا، دوسری جانب مہران ہائی وے زیرِ تعمیر ہونے کے باعث پہلے ہی انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے ، سڑک کے دونوں اطراف کھدائی، تعمیراتی سامان اور دیگر رکاوٹیں موجود ہیں، جس سے سڑک کا قابلِ استعمال حصہ مزید تنگ ہوگیا۔ ایسے میں تیز رفتاری سے چلنے والے ٹرالر، کوچز اور دیگر بھاری گاڑیاں چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہران ہائی وے پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments