جیکب آباد:زیبا لاشاری کے بدلتے بیانات، زیادتی کیس پیچیدہ ہوگیا
مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ،تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے متاثرہ خاتون اہلکار کو پولیس ہیڈکوارٹرز میں سرکاری رہائش فراہم کردی، پولیس ترجمان
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) لیڈی پولیس اہلکار زیبا لاشاری کے بدلتے بیانات سے مبینہ زیادتی کیس مزید پیچیدہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لیڈی پولیس کانسٹیبل زیبا لاشاری کی جانب سے پولیس سے متعلق مختلف مواقع پر دیے گئے بیانات کے باعث مبینہ زیادتی کے معاملے نے مزید سوالات کو جنم دے دیا ہے ، تاہم پولیس کا کہنا ہے کیس کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے اور حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے ۔ جیکب آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق لیڈی پولیس کانسٹیبل زیبا لاشاری کی شکایت پر سول لائن تھانے میں ایف آئی آر درج کرکے نامزد ملزم قاسم لاشاری کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، جبکہ متاثرہ خاتون اہلکار کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ زیبا لاشاری کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا گیا ہے ، تاہم میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ متاثرہ خاتون پولیس اہلکار کی حفاظت کے پیش نظر انہیں پولیس ہیڈکوارٹرز میں سرکاری رہائش فراہم کی گئی ہے ، جہاں انہیں محفوظ ماحول اور ضروری سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ ایس ایس پی جیکب آباد کیپٹن (ر) فیضان علی نے کہا ہے کہ زیبا لاشاری کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی اور معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments