ری سائیکل 10کروڑ گیلن پانی سائٹ کو فراہمی کا اعلان

ری سائیکل 10کروڑ گیلن پانی سائٹ کو فراہمی کا اعلان

لیاری کے لیے پانی کی نئی لائن 20 اکتوبر کو فعال کردی جائے گی،میئر بلدیاتی حکومت بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق کام کر رہی ہے ، مرتضیٰ وہاب

کراچی( آن لائن )میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ٹی پی ون منصوبے کے ذریعے مجموعی طور پر 10 کروڑ گیلن سیوریج کے پانی کو صاف کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا، جبکہ ری سائیکل شدہ پانی سائٹ صنعتی علاقے کو فراہم کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چند سال قبل تک ٹی پی ون کا مقام بنجر اور بیابان تھا۔ ان کے مطابق ماضی میں اس منصوبے پر بھاری رقم خرچ کیے جانے کے باوجود اسے مکمل نہیں کیا جاسکا، تاہم سندھ حکومت کی مدد سے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔میئر کراچی نے کہا کہ منصوبے کے لیے وفاقی حکومت نے 50 فیصد اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم سندھ حکومت نے وفاق کی ذمہ داری بھی پوری کی اور منصوبے کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی بلدیاتی حکومت بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق شہر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیاری کے لیے یومیہ ایک کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کی نئی لائن 20 اکتوبر کو فعال کردی جائے گی، جس کے بعد لیاری میں پانی کی قلت کا مسئلہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔میئر کے مطابق کلفٹن اور ڈیفنس کے رہائشیوں کے لیے بھی پانی کی نئی لائن ایک سال کے اندر بچھا دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر بھی کام جاری ہے ، جس پر 9 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...