غیر معیاری دھواں چھوڑنے والی 34گاڑیاں فیل قرار
سیپا کی مہم کے دوران فیل قرار گاڑیوں پر سرخ اسٹیکرچسپاں اور چالان عائد مزید 10روز کی مہلت ،گاڑی بند کردی جائے گی،کارروائیوں کی رپورٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا)نے ویکولر ایمیشن کنٹرول مہم کے تحت کراچی میں فضائی آلودگی کے خلاف گزشتہ ماہ ہونے والی گاڑیوں کی انسپکشنز کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی ہے ۔ سیکریٹری ماحولیات موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل احمد عُقیلی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران غیر معیاری دھواں چھوڑنے والی 34 گاڑیوں کو فیل قرار دے کر ان پر سرخ اسٹیکر چسپاں اور چالان عائد کیے گئے ۔جبکہ ماہ ستمبر کے دوران 259 گاڑیوں کی انسپیکشن کی گئی جن میں سے 225 گاڑیوں کو پاس قرار دیے کر ان پر گرین اسٹیکر چسپاں کیے گئے ۔ فیل قرار دی جانے والی گاڑیوں کو مزید 10 روز کی مہلت دی گئی ہے بصورت دیگر گاڑی بند کردی جائے گی۔ سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عُقیلی نے مزید بتایا کہ سیپا کی جانب سے گاڑیوں کی ویکولر ایمیشن مانیٹرنگ اور آگاہی سرگرمی یکم ستمبر سے 30 ستمبر 2026 تک کراچی کے مختلف مقامات پر جاری رہی اور اس سلسلے میں سیپا نے ٹریفک پولیس کے متعلقہ زونز اور ای چالان دفتر سے تعاون بھی حاصل کیا۔سیپا کی ویکولر ایمیشن مانیٹرنگ سرگرمی کا مقصد شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا، گاڑیوں کے غیر معیاری اخراج کی روک تھام اور صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ ماحول دشمن گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جا رہی ہے اور آئندہ بھی مختلف مقامات پر انسپیکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments