ہوٹل پلاٹس،پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی کا اعلان
نیلامی 12اور 13اکتوبر کو دن 10بجے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے نے اسلام آباد میں کمرشل رئیل سٹیٹ کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے اہم ہوٹل پلاٹس اور پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی کا اعلان کردیاہے ۔سی ڈی اے کے مطابق ہوٹل پلاٹس کی نیلامی 12 اکتوبر کو صبح 10 بجے جبکہ پٹرول پمپ سائٹس کی نیلامی 13 اکتوبر کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی۔12 اکتوبر کو اسلام آباد کے اہم مقامات پر واقع پانچ ہوٹل پلاٹس نیلام کیے جائیں گے ، جن کا مقصد شہر میں معیاری ہوٹلنگ، سیاحت اور کانفرنسز کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے ۔ نیلامی میں پلاٹ نمبر 22، ڈی-12 مرکز، کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6، ایف-5/1، فائیو اسٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ایف-5/1، ای-11 نادرن اسٹرپ میں ہوٹل پلاٹ جبکہ اسپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان سرینگر ہائی وے پر واقع ہوٹل پلاٹ شامل ہیں۔سی ڈی اے نے کامیاب بولی دہندگان کے لیے ایک سال کی آسان اور لچکدار ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ 25 فیصد ادائیگی پر بلڈنگ پلان کی منظوری جبکہ 75 فیصد ادائیگی پر قبضہ دیا جائے گا، تاہم بقیہ رقم کے لیے مقامی شیڈولڈ بینک کی قابل قبول بینک گارنٹی فراہم کرنا ہوگی۔سی ڈی اے کے مطابق 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی کرنے والے کامیاب بولی دہندگان کو 5 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی کی صورت میں مزید 5 فیصد رعایت حاصل ہوگی۔ بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے نیلامی سے کم از کم ایک روز قبل ٹوکن جاری کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکانٹ یا مقامی بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جاسکے گی۔13 اکتوبر کو رجسٹرڈ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے سات پٹرول پمپ سائٹس 20 سالہ لیز کی بنیاد پر ایک ہی پیکیج کے طور پر نیلام کی جائیں گی۔ ان میں مری روڈ پر لیک ویو پارک کے قریب پلاٹ نمبر 1 اور 2، بلیو ایریا ایف-10، آئی-12 مرکز، پلاٹ نمبر 15-B جی-8 مرکز، پلاٹ نمبر 13-A موو ایریا جی-8/1 اور پلاٹ نمبر 26 موو ایریا جی-11/1 شامل ہیں۔ سی ڈی اے کے مطابق نیلامی میں شرکت کے لیے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے ٹوکن منی مقرر کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments