اندرون سندھ:اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی ریلیاں

اندرون سندھ:اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی ریلیاں

مسلم ممالک فلسطین کے معاملے پر مزید عملی اقدامات کریں، کاشف شیخ ودیگرکاخطاب

لاڑکانہ، کندھکوٹ، شہدادپور (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر اندرون مختلف شہروں میں غزہ پر اسرائیلی حملوں اور جاری صورتحال کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ لاڑکانہ میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو بندر روڈ سے شروع ہوکر جناح باغ چوک پہنچی، جہاں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں ضلعی امیر ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو، مقامی امیر رمیز راجا، ایڈووکیٹ اطہر مجید تونیو، حفیظ الرحمن سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ کاشف سعید شیخ نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل گزشتہ 3 برس سے غزہ میں مسلسل حملے کر رہا ہے ، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں فلسطینی جاں بحق ہوئے جبکہ اسپتالوں اور اسکولوں سمیت بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔

انہوں نے کہا مسلم ممالک کی حکومتیں فلسطین کے معاملے پر مزید عملی اقدامات کریں۔ کندھکوٹ میں میں نکالی گئی ریلی میں سیاسی، سماجی رہنماؤں اور طلبا کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ شرکا کا کہنا تھا اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے ، غزہ سمیت پورے فلسطین کے عوام پابند سلاسل ہیں، اقوام متحدہ کا کردار خاموش تماشائی سے زیادہ نہیں، انسانی حقوق سے وابستہ ادارے اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کریں۔ شہدادپور میں جماعت اسلامی سانگھڑ کے تحت غزہ مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا سے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف، رفیق منصوری، غفور انصاری، ظہیر جتوئی، ارشد خاصخیلی، شوکت کمبوہ اور پریس کلب شہدادپور کے صدر ارشاد ظفر بخاری نے خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...