نوجوانوں کو تعلیم، روزگار کیلئے عملی اقدامات کا اعلان
سرائیکی صوبے سے روزگار ، سہولتوں کے نئے مواقع ملیں گے ، صادق خان
شجاع آباد (نامہ نگار) عوامی مظلوم پارٹی کے سربراہ حاجی صادق خان ادوزئی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور روزگار کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ انسانیت کی خدمت، مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنا اور اقوام کے درمیان اختلافات کا خاتمہ پارٹی کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے ۔ وہ ملک فہد الحسن واہگہ کے ڈیرے پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔مرکزی و صوبائی قائدین کے ہمراہ جنوبی پنجاب آمد کے موقع پر حاجی صادق خان ادوزئی نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کیلئے آواز بلند کرنا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی پارٹی کو منظم کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب میں عوام کی جانب سے ملنے والی پذیرائی قابل تحسین ہے اور مختلف خاندانوں کے سربراہان سمیت نوجوان بڑی تعداد میں ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبے کا قیام عوام کیلئے بہتر مواقع کا باعث بن سکتا ہے اور اس سے نوجوانوں سمیت متوسط طبقے کو روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے ۔ وزیراعظم پاکستان کو چاہیے کہ پٹرول پر عارضی ریلیف کے بجائے مہنگائی، بجلی اور گیس کے بلوں میں نمایاں کمی اور پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے مؤثر مواقع فراہم کریں۔اس موقع پر ملک فہد الحسن واہگہ نے حاجی صادق خان ادوزئی کا استقبال کیا۔ تقریب میں سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا فراز نون، ضیاء اللہ بنگش، اسد اللہ حقانی، پیر فہیم الرحمن بخاری، دیگر رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments