شجاع آباد :ستھرا پنجاب اتھارٹی کا خصوصی صفائی آپریشن شروع
نجی کمپنی سے معاہدہ ختم، اضافی عملہ اور مشینری سے کوڑا اٹھانے کا عمل تیز
ملتان (خصوصی رپورٹر)ستھرا پنجاب اتھارٹی نے شجاع آباد میں نجی کمپنی کے ساتھ صفائی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر میں صفائی کا انتظام سنبھال لیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جمع کوڑا کرکٹ اٹھانے اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے خصوصی صفائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔اتھارٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر جمع کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے اضافی صفائی عملہ اور بھاری مشینری متحرک کردی گئی، جبکہ کوڑے کی منتقلی اور تلفی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے ۔ صفائی آپریشن کے دوران شہری علاقوں، اہم شاہراہوں، گلیوں اور دیگر مقامات پر موجود کچرے کے ڈھیروں کو مرحلہ وار ختم کیا جارہا ہے ۔سی ای او ستھرا پنجاب عمران منیر نے متعلقہ افسروں اور عملے کو شجاع آباد میں صفائی آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں جمع کوڑا جلد از جلد اٹھایا جائے اور صورتحال معمول پر لانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شجاع آباد شہر کو مکمل طور پر صاف کرنے کے لئے جامع صفائی پلان تیار کرلیا گیا ہے ، جس کے تحت مختلف علاقوں میں آپریشن مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ صفائی عملے اور مشینری کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے ۔ عمران منیر نے ہدایت کی کہ کسی علاقے کو نظرانداز نہ کیا جائے اور جمع شدہ کوڑے کی بروقت منتقلی و تلفی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments