جیکب آباد:سٹی 2 فیڈر پر 16,16گھنٹے بجلی غائب، شہری پریشان
جیکب آباد (نمائندہ دنیا) جیکب آباد میں سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی انتظامیہ اور عملے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔
شدید گرمی اور حبس کے موسم میں سیپکو کی جانب سے بلاجواز اور مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں سٹی 2 فیڈر کے ہزاروں صارفین کو 16، 16 گھنٹے بجلی سے محروم رکھا جا رہا ہے ، جس سے پورے علاقے میں عوامی غصہ پھیل گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سیپکو عملہ معمولی بہانے بنا کر یا جان بوجھ کر ٹرانسفارمرز کے جمپر کاٹ دیتا ہے ،سارا دن صارفین کو بجلی سے محروم رکھنا ان کا معمول بن چکا ہے ، اے ڈی سی کالونی اور پھول باغ کے رہائشی بجلی بندش سے پانی کی شدید قلت کا شکار گئے ہیں، جبکہ گھروں میں موجود بچے ، بوڑھے اور مریض شدید گرمی میں بلبلا اٹھے ہیں۔سماجی و شہری حلقوں نے سیپکو چیف، وفاقی وزیر توانائی اور نیپرا حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیپکو جیکب آباد کے ایس ای این، ایس ڈی او اور لائن اسٹاف کی جانب سے ٹرانسفارمرز پرائیویٹ افراد کو دینے اور جمپر کاٹنے کی انکوائری کرائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments