حیدر آباد:پارکنگ تنازع پر ڈی ایس پی کی مبینہ فائرنگ، 3 زخمی
انسپکٹر موٹر وے پولیس اشرف نے ارشادکباڑی ، غفار اور کامران پر گولیاں برسائیں زخمی اسپتال منتقل،پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا
حیدر آباد (بیورورپورٹ) حیدرآباد میں تھانہ پنیاری کی حدود نورانی بستی کے علاقے میں گاڑی کھڑی کرنے کے معمولی تنازع پرموٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ واقعہ کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے نورانی بستی میں گاڑی کھڑی کرنے کے معاملے پر ڈی ایس پی موٹر وے پولیس اشرف قریشی اور ارشاد کباڑی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر اشرف قریشی نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمی ہونے والوں میں ارشادکباڑی ، غفار اور کامران شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں شامل ارشاد کباڑی نامی شخص کو پیٹ میں تین گولیاں لگیں،
جسے دیگر زخمیوں سمیت فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ، جہاں ڈاکٹروں کی زیر نگرانی انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ہیڈکوارٹر زین رضا بلوچ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس حکام نے سخت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ فائرنگ کرنے والے موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی اشرف قریشی کو حراست میں لے لیا ، جبکہ ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments