اندرون سندھ:ٹریفک حادثات، دیگر واقعات نے 4 جانیں لے لیں
مٹیاری، موٹر سائیکل ٹریلر تلے آنے پرنوجوان ہلاک، لاڑکانہ، نہر میں بچہ ڈوب گیاجھڈو میں ٹیکسی ڈرائیور کی لاش نہر سے برآمد، محراب پور میں پھندا لگی لاش ملی
اندرون سندھ (نمائندگان)ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات نے 4 افراد کی جانیں لے لیں، جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ مٹیاری میں نیو سعیدآباد قومی شاہراہ پر ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل ڈالا، جس سے میاں عبدالحمید جاں بحق اور بیوی شدید زخمی ہوگئی، جاں بحق نوجوان کا تعلق کوٹری سے بتایا جاتا ہے ۔ حادثے کے بعد عورت کوتشویشناک حالت میں حیدرآباد کی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لاڑکانہ میں عمرانی پل کے قریب رائس کینال میں نہاتے ہوئے ممتاز کالونی کے رہائشی 3 بچے ڈوب گئے ، بچوں کی چیخ و پکار سن کر علاقہ مکین موقع پر پہنچے اور دو بچوں کو رائس کینال سے نکال لیا، جبکہ ریسکیو 1122 نے ممتاز کالونی کے رہائشی 9 سالہ حسنین احمد وگن کی لاش نکال کر ورثاء کے حوالے کردی۔
گاؤں نواب خان لوہر میں مبینہ زمین کے تنازع پر لوہر برادری کے درمیان جھگڑا ہوگیا، اس دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے خاتون لال زادری زخمی ہوگئیں۔ جھڈو میں سنجر چانگ کے رہائشی پرائیویٹ ٹیکسی ڈرائیور 24 سالہ عامر کی لاش سلور موری کے نزدیک مٹھڑاؤ کینال سے ملی، متوفی صبح کے وقت سنجر چانگ ٹیکسی اڈے سے سواری لیکر جھڈو پہنچا تھا۔ محراب پور کے قریب دالی شہر کے پاس گنے کی فصل میں درخت سے نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی ہے ، جس کی شناخت کامران کلہوڑو ولد سجن کلہوڑو کے نام سے ہوئی ہے ۔ اکری اور رسول آباد کے قریب دو ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments