بجلی ملے گی تو بل ملے گا کا قانون بنایا جائے ،پاسبان
بھینس کالونی میں بجلی بندش، اوور بلنگ اور قلت آب کے خلاف احتجاجکے الیکٹرک کو لوٹ کھسوٹ کا لائسنس دے دیا گیا، بجلی بحال کی جائے
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی خواتین ونگ کے زیرِ اہتمام بھینس کالونی میں گجر چوک، اوڈھ بستی اور سماں گوٹھ کے علاقوں میں قلت آب، بجلی کی بندش اور اوور بلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات پر آواز اٹھاتے ہوئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرے سے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد، سینئر رہنما جہانزیب بلوچ اور خواتین ونگ کی رہنما شبانہ بی بی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہاسمبلیوں میں ایک ایساقانون بنایا جائے کہ بجلی ملے گی تو بل ملے گا، لوڈشیڈنگ ہوگی تو صارفین بل ادا نہ کریں۔ بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے مگر آج تک صارفین کو حقوق حاصل نہیں بلکہ کے الیکٹرک کو لوٹ کھسوٹ کا کھلا لائسنس دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھینس کالونی کے عوام کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے پانی کی قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کا شکار ہیں ۔ بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوتی ہے جبکہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور محنت کش طبقے کو بالخصوص مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام بھینس کالونی کے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بندش کا فوری نوٹس لیں۔ بجلی کی فراہمی بحال کریں اور عوام کو مسلسل درپیش اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments