کمشنر کا ایف ڈبلیو او کے افسروں کے ساتھ رنگ روڈ کا دورہ
تعمیراتی کاموں کی پیش رفت، معیار اور دیگر امور کا جائزہ ،کام جلد مکمل کرنیکی ہدایت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او کے ہمراہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت، معیار اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران، انجینئرز اور کنٹریکٹرز نے منصوبے کے مختلف حصوں، روڈ انفراسٹرکچر، پلوں، انٹرچینجز اور دیگر جاری کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ وسائل متحرک کرتے ہوئے تمام باقی ماندہ کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ٹول پلازوں اور ویئنگ اسٹیشنز کے سول ورکس فوری شروع کرنے ، ٹول آپریشنز کے لیے ضروری ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی بروقت خریداری یقینی بنانے اور روڈ سائن ایج کو بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ مسافروں کو واضح رہنمائی ملے اور سفر محفوظ بنایا جا سکے ۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ہدایت کی کہ تعمیراتی میٹریل اور تمام کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی معیار اور ایس او پیز کے مطابق کام مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے ، تعمیراتی رکاوٹیں فوری دور کرنے ، ٹریفک مینجمنٹ اور متبادل راستوں کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے اور منصوبے کی پیش رفت کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments