سی ڈی اے:اربوں روپے مالیت کی ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی سرکاری اراضی واگزار
آئی 12، ای12اور سی 14میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ،شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرینگے، سہیل اشرف چیئرمین سی ڈی اے کا سیکٹر ای بارہ کا دورہ، کام کا جائزہ، متعلقہ افسران کو ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے گزشتہ روز سیکٹر ای-12 کا دورہ کیا، جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی جی ورکس سی ڈی اے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایم سی آئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ چیئرمین نے کہا کہ ادارہ اسلام آباد بھر میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ، جن میں سیکٹرز کی ترقی، سڑکوں کی تعمیر و بہتری، انڈر پاسز اور پیدل چلنے والوں کے پلوں کی تعمیر اور قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرانا شامل ہے ۔ شہری ترقی کو یقینی بنانے اور سرکاری اثاثوں کے تحفظ کے لیے سی ڈی اے نے سیکٹر ای-12 میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اربوں روپے مالیت کی ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔ یہ کامیابی سرکاری املاک کے تحفظ اور سیکٹر کی منصوبہ بند ترقی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے ۔ واگزار کرائی گئی اراضی مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور ضروری بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہو رہی ہے ۔سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت میں سیکٹر ڈویلپمنٹ کو تیز کرنے اور رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے کی وسیع تر حکمتِ عملی کے تحت سیکٹرز آئی-12، ای-12 اور سی-14 میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ شہریوں نے اس امر پر زور دیا ہے کہ اسلام آباد کی بہتری، عوامی سہولت میں اضافے اور اسلام آباد کو سرسبز شہر کی حیثیت سے منفرد شناخت برقرار رکھنے کیلئے ان ترقیاتی سرگرمیوں کا تسلسل ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments