جیکب آباد:سندھ ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد کی تیاریاں
کھیلوں کے مقابلوں، مشاعروں، ثقافتی ومیوزیکل پروگراموں کے انعقاد کی تجویزثقافتی تقریبات، میگا میوزیکل ایونٹ کیلئے سیکریٹری کھیل وثقافت کوخطوط ارسال
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد ساہی نے دسمبر میں سندھ ہارس اینڈ کیٹل شو کے موقع پر کھیلوں کے مقابلے ، ثقافتی تقریبات اور میگا میوزیکل شو منعقد کرانے کیلئے سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز اور سیکریٹری ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز کو خطوط ارسال کردیے ، ڈپٹی کمشنر کے مطابق سندھ ہارس اینڈ کیٹل شو جیکب آباد کی قدیم اور روایتی تقریبات میں شامل ہے ، گزشتہ سال بھی اس میلے کا انعقاد کیا گیا تھا جبکہ رواں سال اسے مزید شاندار بنانے کیلئے کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ کھیل سے ملاکھڑا، فٹبال، والی بال، کرکٹ، بیڈمنٹن، ہاکی، کراٹے ، باڈی بلڈنگ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کی درخواست کی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آسکیں، اسی طرح محکمہ ثقافت کو سندھی و اردو ڈراموں، مشاعروں، سگھڑ کچہریوں، تقریری مقابلوں، ثقافتی پروگراموں، خواتین کیلئے میوزیکل شو اور ایک بڑے میگا میوزیکل شو کے انعقاد کی تجویز دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے ساتھ سندھ کی ثقافت، ادب، موسیقی اور روایات کو بھی فروغ دیا جاسکے ، خطوط میں دونوں محکموں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے وسائل کے تحت پروگراموں کی منصوبہ بندی، فنڈنگ اور انعقاد کے انتظامات کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ جیکب آباد کی جانب سے مکمل تعاون اور ضروری انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments