خواتین کے فنگر پرنٹس لیکر سولر پلیٹیں، بیٹریاں لینے کا انکشاف
پوچھ گچھ پر مشتعل گروہ کا دیہاتی پر حملہ، کلہاڑیوں کے وار سے شدید زخمی کر دیاواقعہ کیخلاف دیہاتیوں کا مظاہرہ، پولیس نے 2ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
میرپور خاص (بیورورپورٹ) سولر پلیٹیں، بیٹریاں اور پنکھے دینے کا جھانسہ، خواتین کے فنگر پرنٹس حاصل کرنے کا مبینہ انکشاف، احتجاج پر دیہاتی پر کلہاڑیوں سے حملہ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کھان تھانے کی حدود میں سولر پلیٹیں، بیٹریاں اور پنکھے فراہم کرنے کا لالچ دے کر مبینہ طور پر دیہاتی خواتین کے فنگر پرنٹس حاصل کرنے اور موبائل سمز جاری کرانے والے گروہ کے خلاف آواز اٹھانے پر دیہاتی اسداللہ خاصخیلی کوکلہاڑیوں سے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا گیا۔ پولیس نے 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ واقعہ کے خلاف گاؤں اللہ داد خاصخیلی کے رہائشی اسداللہ خاصخیلی، سلیمان ، شیر محمد و دیگر نے میرپورخاص پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مختلف دیہات مں پرویز خاصخیلی، اعجاز، ماجد اور سکندر بلوچ پر مشتمل گروہ مبینہ طور پر خواتین کو موبائل سمز کے ذریعے سولر پلیٹیں، پنکھے اور بیٹریاں فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ان کے انگوٹھوں کے نشانات حاصل کر رہا ہے ۔ جب انہوں نے اس معاملے پر پرویز خاصخیلی اور اس کے ساتھیوں سے پوچھ گچھ کی تو وہ مشتعل ہوگئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعد ازاں اسداللہ خاصخیلی پر کلہاڑیوں سے حملہ کر دیا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے ۔ ہماری درخواست پر پولیس نے پرویز اور اعجاز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ دیہاتیوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments