گلشن اقبال میں کمسن بہن بھائی کے اغوا کی کوشش، ملزمان فرار
ٹیوشن سے واپسی پر پکڑنے کی کوشش، شور مچانے پر مشتبہ شخص بھاگ نکلا واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، پولیس کی ملزمان کی تلاش شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) گلشن اقبال میں کمسن بہن بھائی کو کار سوار شخص کی اغوا کرنے کی کوشش کی گئی جس کی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ پولیس نے واقعے کامقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق گلشن اقبال بلاک 7میں کمسن بہن بھائی کو کار سوار نامعلوم ملزمان کی جانب سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیوشن سے واپس گھر جانے والے بچوں کے قریب ایک سیاہ رنگ کی مشتبہ گاڑی آکر رکی، گاڑی سے اتر کر ایک مشتبہ شخص تیزی سے بچوں کی جانب دوڑا۔ویڈیو میں مشتبہ شخص کو بچوں کے قریب جانے کی کوشش کرتا دیکھا جا سکتا ہے۔
بچوں نے مشتبہ شخص کو اپنے جانب آتے دیکھ کر شور مچا کر بھاگ کر خود کو محفوظ کیا جس پر وہ شخص واپس بھاگ کر گاڑی میں سوار ہوا اور فرار ہوگیا۔واقعے کے بعد متاثرہ بچوں کے والد کی جانب سے گلشنِ اقبال تھانے میں درخواست جمع کرا دی گئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم گاڑی میں سوار ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔ایس ایچ او گلشن اقبال سعود احمد کے مطابق واقعہ 2 روز قبل 20 اکتوبر کو پیش آیا،بچوں کا والد گلشن اقبال بلاک7 میں واقع جامعہ مسجد الہدیٰ مدرسے کا چوکیدار ہے ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے مدرسے کے چوکی دار اور بچوں سے بات چیت کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments