ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن ،61لاکھ سے زائد برآمد ، ملزمان گرفتار
میٹروپول سگنل اور جمشید روڈ پر کارروائیاں، موبائل فونز اور ڈیجیٹل شواہد برآمد، دبئی سے درہم وصول کرکے پاکستان میں رقوم کی ادائیگی کا انکشاف، مزیدتفتیش جاری
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف آئی اے سی سی سی کراچی نے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو کارروائیوں میں 61 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرکے دو ملزمان گرفتار کر لیے ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی ہدایات پر ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایف آئی اے ٹیم نے دو مختلف کارروائیوں میں دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا۔ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میٹروپول سگنل کے قریب کی گئی جہاں روح اللہ ولد مسعود کو گرفتار کرکے 61 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر دبئی سے درہم وصول کرکے بلیک مارکیٹ ریٹ پر پاکستان میں مختلف افراد کو پاکستانی روپے فراہم کرنے کے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک میں ملوث تھا۔
موبائل فون سے ملنے والے واٹس ایپ پیغامات میں مبینہ غیر قانونی لین دین کے شواہد بھی سامنے آئے ۔ دوسری کارروائی میں جمشید روڈ پر واقع عدنان آٹوز سے ندیم میمن کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ہنڈی حوالہ سے متعلق مبینہ ڈیجیٹل شواہد پر مشتمل دو موبائل فون برآمد ہوئے ۔ ملزم جاپان میں گاڑیوں کی خریداری کیلئے دبئی کے ذریعے ادائیگیوں کا انتظام کرتا تھا جبکہ پاکستان میں متعلقہ رقوم غیر رسمی ذرائع سے ادا کی جاتی تھیں۔ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز سے حاصل ڈیجیٹل شواہد کی مزید جانچ جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments