جیکب آباد:شوہر کا بیوی کوگھر میں قید رکھ کربدترین تشدد

جیکب آباد:شوہر کا بیوی کوگھر میں قید رکھ کربدترین تشدد

صدر بازار میں پولیس کاگھر پرچھاپہ، ستم رسیدہ شازیہ پٹھان کو بازیاب کرالیا جسم، ہاتھوں پرتشدد کے نشانات، والدہ، بہنوں سے ملنے کی اجازت نہ تھی، گفتگو

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد کے گنجان اور مصروف ترین علاقے صدر بازار میں ٹاور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھریلو تشدد اور نجی جیل جیسی صورتحال میں قید ایک مظلوم خاتون کو بازیاب کروا لیا ہے ۔ جابر شوہر قادر پٹھان کے مظالم، وحشیانہ تشدد اور رشتہ داروں سے مکمل کٹ آف کر کے قید رکھنے کا انکشاف ہوا ہے ۔کوئٹہ کے رہائشی عجب پٹھان نے اپنی بہن شازیہ کوبلاجواز قید اور تشدد کی اطلاع اور فریاد پولیس کو دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مدعی کے اہل خانہ کے ہمراہ صدر بازار میں واقع قادر پٹھان کے گھر پر چھاپہ مارا۔پولیس نے گھر کی تلاشی لے کر مبینہ طور پر شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار اور کمرے میں بند کی گئی خاتون شازیہ پٹھان کو بحفاظت بازیاب کروا کر اپنے ساتھ لے آئی۔ بازیابی کے بعد صحافیوں اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے ستم رسیدہ خاتون شازیہ پٹھان نے اپنے چہرے ، ہاتھوں اور جسم پر شوہر کی جانب سے کیے گئے بے رحمانہ تشدد کے نشانات اور نیل دکھاتے ہوئے بتایا کہ میرا شوہر قادر پٹھان ایک انتہائی ظالم انسان ہے جو روزانہ بلاجواز مجھ پر تشدد کرتا ہے ۔ مجھے اپنی سگی بہنوں کے گھر جانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جاتی اور یہاں تک کہ اپنی بوڑھی والدہ سے فون پر بات کرنے پر بھی سخت مار پیٹ کی جاتی ہے مجھے گھر میں قید کر کے رکھا گیا تھا، باہر نکلنے یا کسی کو حالِ دل سنانے کی اجازت نہ تھی۔ میں شدید ذہنی اذیت اور موت کے خوف میں زندگی گزار رہی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...