بوری بند کٹی لاش کا بقیہ حصہ 18 روز بعد مل گیا
شک میں مقتول کے دوستوں اور دیگر افراد کو حراست میں لیا گیا تھا تاحال مرکزی قاتل سامنے نہیں آ سکا،کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع
کراچی(این این آئی)سرجانی ٹاؤن عباس گوٹھ کے قریب بوری میں بند ادھوری لاش کا بقیہ دھڑ 18 روز بعد برآمد کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرجانی ٹاؤن عباس گوٹھ کے قریب سے ملنے والی بوری بند کٹی ہوئی لاش کے معاملے میں سنسنی خیز پیش رفت سامنے آئی۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کا بقیہ دھڑ 18 روز بعد روزی گوٹھ کے قریب کچرا کنڈی سے برآمد کر لیا گیا ہے ۔6 اکتوبر کو عباس گوٹھ کے قریب سے ایک بوری بند کٹی ہوئی ادھوری لاش ملی تھی، جس کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی تھی۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 6 اکتوبر کو جب یاسر کی لاش ملی تو بقیہ دھڑ نہ ملنے کے باعث لاش کی تدفین اسی حالت میں کر دی گئی تھی، تاہم 18 روز کی مسلسل تلاش کے بعد پولیس نے روزی گوٹھ کے قریب کچرا کنڈی سے مقتول یاسر کا بقیہ دھڑ بھی برآمد کر لیا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق معاملے کی شک میں مقتول کے دوستوں اور دیگر افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم تاحال مرکزی قاتل سامنے نہیں آ سکا۔لاش کے بقیہ حصے کی برآمدگی کے بعد کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments