حیسکو کی جانب سے میرپور خاص کیلئے علیحدہ بل پرنٹنگ کاافتتاح
پوری کوشش ہے اپنے بجلی صارفین کو بہتر سروس فراہم کریں، حیسکو چیف
حیدرآباد (ڈسٹرکٹ ڈیسک)حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے میرپورخاص سرکل کی بلنگ اور بلوں کی پرنٹنگ کے علیحدہ نظام کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ حیسکو کا روشنیوں کا سفر صرف زیرو لوڈشیڈنگ فیڈرز تک محدود نہیں بلکہ اس کے مختلف مراحل میں صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، بجلی کے بل بروقت پہنچانا اور ادارے کے نظام کو مزید مؤثر بنانا بھی شامل ہے ۔ اسی سلسلے میں اہم سنگ میل حاصل کیا گیا، جس کے تحت تقریباً 35 سال بعد پہلی مرتبہ میرپورخاص سرکل کی بلنگ اور بلوں کی پرنٹنگ کے پورے عمل کو علیحدہ اور خودمختار کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حیدرآباد، میرپورخاص اور لاڑ سرکلز کی بل پرنٹنگ کا عمل ایک دوسرے سے منسلک تھا، اگر کسی ایک علاقے کے چند بلوں کا ڈیٹا اپ ڈیٹ نہ ہوتا تو متعلقہ بیچ کی پرنٹنگ شروع ہونے میں تاخیر ہو جاتی، جس سے بلوں کی بروقت ترسیل متاثر ہوتی تھی، علیحدہ پرنٹنگ سے دور دراز علاقوں میں بروقت بل پہنچیں گے ، جس سے صارفین کیلئے وقت پر ادائیگی ممکن ہوگی، انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے اپنے بجلی کے صارفین کو بہتر سروس فراہم کریں۔ اس موقع پرڈی جی ایم آئی ایس نادر علی خشک نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ ڈجیٹل سسٹم کی مد د سے اپنے بجلی صارفین کو بلنگ کی بہترسروس دیں 1990ء میں حیسکو کے کمپیوٹر سینٹرز حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم کیے گئے ، بعدازاں نواب شاہ میں بھی کمپیوٹر سینٹر قائم ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments