مال مقدمہ غائب ہونے پر ایف آئی اے انسپکٹر گرفتار
کسٹمز اسمگلنگ کیس کے ضبط مال کی گمشدگی کا معاملہ داخلی معائنے میں سامنے آیاملزم کے خلاف مقدمہ درج ،تحقیقات آزاد ٹیم کے سپرد کردی گئی ہے ، ترجمان
کراچی(این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے اپنے ہی ادارے کے اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) کراچی میں تعینات ایک انسپکٹر کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، کسٹمز اسمگلنگ کیس میں ضبط شدہ مالِ مقدمہ کی گمشدگی کا انکشاف ادارے کے اندرونی معائنے کے دوران ہوا۔ترجمان کے مطابق، اسمگلنگ کے مقدمے میں ضبط کیا گیا مال متعلقہ انسپکٹر کی تحویل سے غائب پایا گیا۔ ایف آئی اے کے مال خانے کے معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ مالِ مقدمہ اس کمرے میں موجود نہیں تھا جہاں افسر نے اسے اپنی تحویل میں رکھا تھا۔ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ مجاز اتھارٹی کی اجازت سے انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ایف آئی اے کے مطابق، معاملے کی تحقیقات ایک آزاد ٹیم کے سپرد کردی گئی ہیں، جو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ، ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کی بھی چھان بین کی جائے گی۔ترجمان نے بتایا کہ غائب شدہ مالِ مقدمہ کی بازیابی اور عدالت میں زیرِ سماعت اسمگلنگ کیس کی موثر پیروی یقینی بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ادارے کی جانب سے اندرونی معائنے کے دوران بے ضابطگی کا سراغ لگانا داخلی نگرانی اور خود احتسابی کے نظام کی عکاسی کرتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments