جماعت اسلامی گلزار ہجری کے تحت بک بینک کاافتتاح
تعلیم کے فروغ، مستحق طلبہ کی معاونت کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں،منعم ظفر غیر یقینی صورتحال میں نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانا وقت کی ضرورت ،خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع شرقی نعیم اختر، ناظم علاقہ مظہر الدین صدیقی اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ جماعت اسلامی علاقہ گلزارِ ہجری کے تحت پڑھو پڑھاؤ تحریک کے سلسلے میں قائم بک بینککا افتتاح اور دورہ کیا۔ منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی تعلیم کے فروغ، مستحق طلبہ کی معاونت، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور سرکاری اسکولوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے ، مسائل بہت زیادہ ہیں، ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے لوگوں کی خدمت اور تعلیمی مشکلات کے حل کے لیے کوشاں ہیں پڑھو پڑھاؤ تحریک کے سلسلے میں گزشتہ دو برس سے مسلسل سرگرمیاں جاری ہیں، بک بینک کا قیام اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے ، جہاں ضرورت مند طلبہ کتابیں حاصل کرسکیں گے ۔ مہنگائی کے اس دور میں صرف غریب ہی نہیں بلکہ سفید پوش خاندان بھی بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ یہ سرگرمی محض کتابوں کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ تعلیم کے فروغ اور معاشرے میں تعاون و خدمت کے جذبے کو مضبوط کرنے کی کوشش ہے ۔ بے روزگاری اور مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑنا اور انہیں روزگار کے قابل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔تعلیم کو تجارت بنا دیا گیا ہے اور غریب و متوسط طبقے کے لیے بچوں کو پڑھانا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments