ایمپرس مارکیٹ میں خواتین اور خاندان میلے کا افتتاح

ایمپرس مارکیٹ میں خواتین اور خاندان میلے کا افتتاح

میئر کراچی کا تاریخی مقام پر ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کا عزم ، بریانی کے بعد پلاؤ اور مچھلی کے فیسٹیول بھی منعقد کرنے کے ارادے کااظہار خواتین کو بااختیار بنانا اور خاندانوں کو صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت،شہر کی رونقیں بحال کرنا ترجیحات میں شامل،مرتضیٰ وہاب

کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تاریخی ایمپریس مارکیٹ میں ’’بندر روڈ سے کیماڑی، خواتین اور خاندان میلہ 2026‘‘ کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے ارکان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ میلے کے انعقاد کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانے کے پیغام کو اجاگر کرنے کے ساتھ شہر میں ثقافتی، سماجی اور خاندانی تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔ خواتین کو بااختیار بنانا اور خاندانوں کو صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان کے مطابق ‘‘بندر روڈ سے کیماڑی’’ فیملی فیسٹیول شہریوں کو ایک ساتھ خوشگوار وقت گزارنے اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا، شہریوں کے لیے تفریحی مواقع بڑھانا اور شہر کی رونقیں بحال کرنا بلدیاتی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ایسے میلوں اور تقریبات سے شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع بھی ملتا ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ تاریخی ایمپریس مارکیٹ میں آئندہ دنوں عالمی بریانی فیسٹیول منعقد کیا جائے گا،

جس کے بعد پلاؤ اور مچھلی کے فیسٹیول منعقد کرنے کا بھی ارادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ کراچی کے تاریخی ورثے کو دوبارہ فعال بنانا اور شہر کی ثقافت و کھانوں کو اجاگر کرنا ہے ۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایمپریس مارکیٹ کے علاقے میں گولیوں کی آوازیں سنائی دیتی تھیں، تاہم اب یہاں رونقوں اور خوشیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ نوجوان نسل شہر کے تاریخی مقامات کا رخ کرے اور ان کے ذریعے کراچی کی تاریخ اور ثقافت سے آگاہی حاصل کرے ۔ انہوں نے ماضی میں بوہرا فوڈ فیسٹیول کے انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب نیت صاف ہو تو منزل آسان ہوجاتی ہے ۔ اس تاریخی مقام کو مزید فعال بنانے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ آئندہ کسی پروگرام میں موسیقی کی تقریب منعقد کرنے کا بھی ارادہ ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عالمی بریانی فیسٹیول میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کے ذریعے کراچی کی بریانی کی مقبولیت کو اجاگر کرنے اور شہر کے روایتی کھانوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...