سندھی مسلم سوسائٹی فوڈ اسٹریٹ کی سخت سکیورٹی کا فیصلہ

سندھی مسلم سوسائٹی فوڈ اسٹریٹ کی سخت سکیورٹی کا فیصلہ

داخلی و خارجی راستوں پر پولیس تعینات، سی سی ٹی وی نگرانی موثر بنائی جائیگی پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات مختص کیے جائیں گے ،ڈی آئی جی ایسٹ

کراچی(این این آئی)ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت سندھی مسلم سوسائٹی فوڈ واک/اسٹریٹ کے سیکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول انتظامات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فوڈ اسٹریٹ کو شہریوں کے لیے محفوظ، پْرسکون اور فیملی فرینڈلی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔اجلاس میں ایس ایس پی ضلع ایسٹ، ایس پی جمشید، مختیار کار فیروز آباد، ڈسٹرکٹ ٹی ایم سی کے نمائندوں، ڈی ایس پی ٹریفک بہادرآباد و صدر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ اسٹریٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ، جبکہ علاقے میں پولیس گشت اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے ۔فوڈ اسٹریٹ کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ پارکنگ پوائنٹس مختص کیے جائیں گے ۔ ٹریفک پولیس رش کے اوقات میں خصوصی نفری تعینات کرے گی، تاکہ علاقہ مکینوں اور فوڈ اسٹریٹ آنے والے شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ اسٹریٹ اور اس کے اطراف بھکاریوں کی موجودگی کی روک تھام کے لیے اینٹی بیگر یونٹ کے ذریعے اقدامات کیے جائیں گے ، تاکہ وہاں آنے والی فیملیز کو پریشانی کا سامنا نہ ہو اور ماحول خوشگوار رہے ۔اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ سندھی مسلم فوڈ واک/اسٹریٹ شہریوں کے لیے بنائی گئی ہے اور اس کی سیکیورٹی پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...