حادثاتی طور پر گلے میں رسی پھنسنے سے 6سالہ بچی چل بسی
عمیمہ گھر کے باہر کھیل رہی تھی،جھولے کی رسی گردن میں لپٹنے کے باعث دم گھٹ گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) تھانہ سچل کی حدود غازی گوٹھ میں گھر کے باہر سے بچی کی لاش ملی، بچی کی شناخت 6 سالہ عمیمہ دختر اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے ۔اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سچل پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔والدین کے بیان کے مطابق بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اسی دوران جھولے کی رسی گردن میں لپٹ جانے کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئی۔متوفیہ بچی کے والد اسماعیل کے مطابق عمیمہ آٹھ بہن بھائیوں میں ساتویں نمبر پر تھی۔ والد اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں کام پر تھا، اہلیہ کا فون آیا کہ عمیمہ کا انتقال ہو گیا ہے ، گھر پہنچا تو محلے والوں نے بتایا کہ اسپتال گئے ہیں، اسپتال میں ڈاکٹروں نے عمیمہ کی موت کی تصدیق کر دی۔معلومات کرنے پر پتہ لگا عمیمہ گھر کے باہر لگے رسی کا جھولا جھول رہی تھی، حادثاتی طور پر عمیمہ کا گلا رسی میں پھنس گیا جس سے پھندا لگا، پھندا لگنے سے عمیمہ کی موت واقع ہو گئی۔پولیس حکام کے مطابق والدین کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں، بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، پوسٹ مارٹم کے بعد اصل وجہ موت سامنے آ سکے گی، واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments