جھڈو:گندم کے معیاری بیج کی شدید قلت، آبادگار پریشان

جھڈو:گندم کے معیاری بیج کی شدید قلت، آبادگار پریشان

غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا غیر معیاری بیج فی من 9 ہزار روپے میں خریدنے پر مجبور ہوگئے رواں سیزن میں کاشت متاثر ہونے کا خدشہ، زراعت تباہی کے دہانے پہنچ چکی ، آبادگار

جھڈو (نمائندہ دنیا) تعلقہ جھڈو سمیت زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں گندم کی کاشت کا سیزن 15 اکتوبر سے شروع ہو جاتا ہے لیکن رواں زرعی سیزن کے دوران آبادگاروں کو فصل کی کاشت میں شدید مسائل کا سامنا ہے ۔ مارکیٹ میں گندم کے معیاری بیج کی شدید قلت ہے اور شہر میں گندم کا بیج نہ ہونے کی وجہ سے آبادگاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سندھ میں گندم کی کاشت کے دوران زیادہ تر بیج پنجاب سے آتا ہے لیکن اس وقت پنجاب حکومت نے گندم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔ اس وقت مارکیٹ میں غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا غیر معیاری 50 کلو بیج کا بیگ 8500 سے 9 ہزار تک فروخت ہورہا ہے ، جس کے کے باعث آبادگار آٹا چکیوں اور زرعی اجناس کی دکانوں سے گندم کا کھلا بیج خریدنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت 6500 فی من ہے ۔ گندم کے معیاری بیج کی قلت اورمقامی بیج کے نرخوں میں اضافے کے سبب رواں سیزن کے دوران گندم کی کاشت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ آبادگاروں کے مطابق کھیڑی اور کھادوں کے نرخ پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اور عین گندم کی کاشت کے وقت معیاری بیج کی قلت جبکہ مقامی بیج کے نرخ بھی زیادہ ہیں۔ سندھ حکومت بیج کی باآسانی دستیابی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کررہی،ناقص حکومتی پالیسیوں سے زراعت تباہی کے دہانے پہنچ چکی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...