پنجاب یونیورسٹی میں کینسر سے آگاہی کیلئے بین الاقوامی کانفرنس
تمباکو نوشی سے پرہیز، صحت مندانہ سرگرمیاں اپنا کر کینسر سے محفوظ رہا جا سکتا ہے :مقررین
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام فیصل آڈیٹوریم میں کینسر سے آگاہی کیلئے بین الاقوامی کانفرنس ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کینسر سے آگاہی و بر وقت تشخیص سے انسانی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر، ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری، پروفیسر ڈاکٹر ٹیموتھی کوکس، پروفیسر ڈاکٹر جیمز شائمن،ڈاکٹر ارشد چیمہ، ڈاکٹر ہارون جاوید، ڈاکٹر ذیشان دانش اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا پاکستان میں تمباکو اور منہ کے کینسر کے باعث زیادہ تر افراد موت کا شکار ہو رہے ہیں،اس سلسلے میں کپیسٹی بلڈنگ، ہیلتھ ایجوکیشن اور اورل ہیلتھ کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ،خواتین کو بریسٹ کینسر سے بچنے کیلئے خود معائنہ کی عادات کو اپنانا ہوگا،تمباکو نوشی سے پرہیز، صحت مند غذااور صحت مندانہ سرگرمیوں کو اپنا کر کینسرجیسے مرض سے 40فیصد محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں کینسر کیخلاف آگاہی واک کا انعقاد کیاگیا۔