قلعے کا شاہی برج دروازہ اصل حالت میں بحال

قلعے کا شاہی برج دروازہ اصل حالت میں بحال

ایک سال کی شبانہ روز محنت کے بعد شاہ برج دروازے کی چمک دمک آنکھوں کوخیرہ کرنے لگی دروازہ 1632 میں تعمیر کرایا گیا:ڈائریکٹر والڈ سٹی،بحالی کسی چیلنج سے کم نہیں تھی:سائٹ انجینئر

لاہور(سہیل احمد قیصر)تاریخ کے مٹتے ہوئے ایک خوب صورت نقش کو نئی زندگی مل گئی۔ تزئین و آرائش کے بعد شاہی قلعے کا شاہ برج دروازہ چمچانے لگا۔اِس دروازے کو شیش محل اور قلعے کے شاہی رہائشی حصے تک براہ راست رسائی کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ والڈ سٹی اتھارٹی لاہور نے ناروے کی حکومت اور آغاخان فاؤنڈیشن کے تعاون سے شاہ برج دروازے کی تزئین و آرائش کا کام گزشتہ سال شروع کیا تھا جسے اب مکمل کرلیا گیا ۔ بتایا گیا ہے دروازے کی اصل حالت میں بحالی کے لیے اِس کام کے ماہر کاریگروں کی خدمات حاصل کی گئیں جن کی ایک سال کی شبانہ روز محنت کے بعد شاہ برج دروازے کی چمک دمک آنکھوں کو خیرہ کرنے لگی ہے ۔ شاہی قلعے کے عالمگیری دروازے کی بندش کے بعد قلعے میں آنے اور جانے کے لیے اب شاہ برج دروازہ ہی استعمال ہوتا ہے ۔ اِس حوالے سے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے والڈ سٹی اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر تانیہ قریشی نے بتایا شاہ برج دروازہ 1632 میں مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے تعمیر کرایا تھا جس کا مقصد براہ راست قلعے کے رہائشی حصے اور شیش محل تک رسائی حاصل کرنا تھا۔ اُنہوں نے بتایا اب دروازے کی حالت بہت خراب ہوچکی تھی جسے نئے سرے سے بحال کردیا گیا ۔ کام کی نوعیت کے بارے میں سائٹ انجینئر محمد حیدر علی نے بتایا انگریز دور میں دروازے پر پلاسٹر کا لیپ کردیا گیا تھا جسے اکھاڑا گیا تو نیچے سے مغل دور کے بنے ہوئے نقش ونگار سامنے آگئے ۔ اُن کا کہنا تھا یہ چھپے ہوئے نقش و نگار کی اصل حالت میں بحالی ہمارے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں