کلر کہار عجائب گھر کی تینوں گیلریاں اپ گریڈ
نوادرات کا بھی اضافہ،منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا:سیکرٹری ٹورازم
لاہور (سہیل احمد قیصر،تصاویر امجد حسین)کلر کہار عجائب گھر کی تینوں گیلریوں کو اپ گریڈ اورنئے نوادرات کا اضافہ کر دیا گیا۔ سالٹ رینج کو تہذیبی ، تاریخی اور مذہبی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا علاقہ سمجھا جاتا ہے ،یہاں آج بھی ساتویں سے 10ویں صدی کے دوران تعمیر کی گئی ہندوؤں کی متعدد عبادت گاہیں موجود ہیں، جنگلی حیات کا مرکز ہونے کے باعث یہاں سے قدیم جانوروں کے فوسلز مل چکے ہیں۔ ایک گیلری کو فوسلز کا نام دیا گیا جہاں اِس علاقے کے فوسلز رکھے گئے۔ دوسری گیلری میں گندھارا تہذیب کے نوادرات ہیں جبکہ تیسری گیلری کی زینت متفرق نوادرات ہیں جن میں قدیم زمانوں میں استعمال ہونے والے برتن، اوزار اور ہتھیار وغیرہ رکھے گئے ہیں۔ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ نے بتایا یہ منصوبہ کافی عرصے سے التوا کا شکار چلا آرہا تھا لیکن اب اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا ۔