سبز اور خشک چارہ 30 فیصد تک مہنگا،توڑی ہزار کی من
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) قربانی کے جانوروں کے بعد چارے کی قیمت بھی قابو سے باہر ہو گئی،سبز اور خشک چارہ 30 فیصد تک مہنگا ہو گیا۔50 روپے والی چوکر60اور سبز چارے کے نرخ 4سے 7روپے کلو بڑھا دئیے گئے ۔
تفصیل کے مطابق جانوروں کے بعد اب چارے کی خریداری بھی شہریوں کے لئے مسئلہ بن گئی۔سبز اور خشک چارے کے ریٹ گزشتہ سال کی نسبت بڑھا دئیے گئے ہیں ۔ پچھلے سال 50 روپے میں فروخت ہونے والا چوکر 60 ، چنے کا چھلکا 120 ، سوڑی ونڈ 80 روپے کلو، عام توڑی 750 روپے من، باریک توڑی 1000 روپے من فروخت ہونے لگی۔ منڈی میں سبز چارے کی قیمت 350 روپے من تک پہنچ گئی، جبکہ بازار میں سبز چارہ جو گزشہ سال 8 روپے کلو تھا اب 12 سے 15 روپے کلو فروخت ہورہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کو چارہ کھلانا بھی مشکل ہوگیا ہے جہاں پہلے تین چار ہزار روپے خرچ ہوتے تھے اب سات ہزار خرچ ہورہے ہیں،ضلعی انتظامیہ چارے کی قیمتوں کو کنٹرول کرے ۔دکاندار وں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے چارہ مہنگا ہوا۔